y سرگودہا: جشنِ عید میلادالنبیﷺ کی تیاریاں جوش و جذبے سے جاری

ذ* مرکزی شاہراہیں، بازار اور عمارتیں جھنڈیوں و برقی قمقموں سے سجائی گئیں گ* امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں، شہریوں سے اپیل

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:20

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرگودہا میں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500ویں یومِ ولادت کے موقع پر جشنِ عید میلادالنبی ? کی تیاریاں جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل اور تمام متعلقہ محکموں نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

شہر کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔ مرکزی شاہراہوں، چوکوں اور بازاروں کو جھنڈیوں، پینا فلیکس، بل بورڈز اور برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیا ہے جبکہ اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر خصوصی لائٹنگ کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری اور نجی اسکولوں میں جمعہ کے روز محافلِ میلاد منعقد کی گئیں، جہاں بچوں نے نعتیہ کلام، تلاوت قرآن پاک اور درود و سلام کے پرنور پروگرام پیش کیے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے بتایا کہ ضلع بھر میں نکالے جانے والے میلاد جلوسوں کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر صفائی، روشنی، پینے کے صاف پانی اور مشروبات کی فراہمی کے لیے خصوصی سبیلیں لگائی جا رہی ہیں جبکہ شہریوں کے لیے مٹھائی تقسیم کرنے کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلعی پولیس نے 12 ربیع الاول کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا ہے تاکہ میلاد جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر ایمرجنسی سروسز بھی ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جشنِ میلاد کے موقع پر امن، بھائی چارے اور محبت کی فضا کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں۔