پارکوں کے تجارتی استعمال کے خلاف عدالتی فیصلہ خوش آئند، عوام کے حق کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے ،ْمنعم ظفر خان

منعم ظفر خان سے ادارہ نورحق میں کلفٹن بلاک 2 کے علاقہ مکینوں کی ملاقات ،ْ عمر شریف پارک پر قبضہ ختم کروانے پر اظہارِ تشکر پارک پر قبضہ ختم کروانے کی کامیابی جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد اور مسلسل قانونی و عوامی دباؤ کا نتیجہ ہے ،ْ وفد کی گفتگو

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام پر پارکوں کے تجارتی استعمال اور قبضے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور عوام کی فتح ہے ، پارکوں کو قبضہ مافیا سے بچانے میں کامیاب رہے ، کراچی کو قبضہ مافیا و کرپشن سے بچانے اور شہریوں کے حقوق کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں کلفٹن بلاک 2 کے مکینوں کے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد نے عمر شریف پارک پر قبضہ ختم کروانے اور پارک کی اصل حیثیت بحال کرنے کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی کاوشوں پر اظہار تشکر کے لیے اور عوام کے حق میں آنے والے عدالتی فیصلے کے حوالے سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے سکریٹری نجیب ایوبی ودیگر بھی موجود تھے ۔

وفد میں احمد فہیم مغل،رضیہ سیال،امین فہیم ،فضل الرحمن،حماد الرحمن،عالمگیر،انس خان،محمد سلمان و دیگر شامل تھے ۔منعم ظفر خان نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوام کے حق میں کھڑی ہے۔ پارک، کھیل کے میدان اور عوامی سہولیات پر قبضے شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام پردھندے کے خلاف عدالت عالیہ کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ حق اور سچ کی جدوجہد رنگ لاتی ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کے بنیادی حقوق اور سہولتیں مسلسل غصب کی جا رہی ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اہل کراچی کی حق تلفی اور مسائل پر آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی ۔کراچی کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے۔وفد نے کہا کہ عمر شریف پارک پر قبضہ ختم کروانے کی کامیابی جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد اور مسلسل قانونی و عوامی دباؤ کا نتیجہ ہے۔

وفد نے کہا کہ علاقے کے عوام طویل عرصے سے اس پارک پر ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کر رہے تھے لیکن انہیں کامیابی نہیںمل رہی تھی۔ جماعت اسلامی کراچی نے نہ صرف اس مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا بلکہ عدالت میں بھی عوامی مؤقف کی بھرپور وکالت کی۔ اسی جدوجہد کے نتیجے میں آج عمر شریف پارک عوام کو واپس ملا ہے۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ شہری مسائل کو سنجیدگی سے اٹھایا اور عملی اقدامات کیے ہیں۔ ہم جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پارک پر قبضہ ختم کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی وہ جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر اپنے علاقے اور شہر کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔