حضرت محمد مصطفی ﷺ کی حیاتِ طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی ﷺ کے عظیم اور بابرکت موقع پر تمام اہلِ اسلام،پوری قوم اور خصوصاًخیبرپختونخوا کے باشعور اور محب وطن عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں گورنرنے کہاہے کہ خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت نہ صرف امتِ مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور نجات کا پیغام لے کر آئی۔

آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں انسان کے ہر پہلو کی رہنمائی موجود ہے۔ آپ ﷺ نے جہالت، ظلم اور نفرت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی دنیا کو علم، انصاف، رواداری، محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں سیرتِ النبی ﷺ کو اپنائیں گے۔

(جاری ہے)

نفرت، تعصب، شدت پسندی اور فرقہ واریت کے بجائے ہم امن، رواداری، یکجہتی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک مثالی معاشرہ وہی ہوتا ہے جو نبی کریم ﷺ کے اصولوں پر قائم ہو، ہمیں چاہیے کہ ہم نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کروائیں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں کر سکیں۔گورنرنے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔