*رحیم یارخان ،کچہ میں پولیس کو مزید جدید آلات و اسلحہ سے لیس کیا جا رہا ہے،اایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:50

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے کہا ہے کہ کچہ میں پولیس کو مزید جدید آلات و اسلحہ سے لیس کیا جا رہا ہے‘ ڈاکوؤں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے‘ مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام تر وسائل اور قوتیں بروئے کار لائی جارہی ہیں‘ کچہ میں تعینات فورس کے بلند مورال سے خوشی ہوئی‘ فرنٹ لائن ہیروز پولیس فورس کے عظیم سپوت ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رائے بابر سعید اور ڈی پی او عرفان علی سموں کے ہمراہ کچہ کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچہ کے ڈاکو معاشرہ کے ناسور ہیں جو کہ معصوم لوگوں کو تاوان جیسے مکروہ دھندھے کے لیے اغوائ کرتے ہیں اور اب پبلک ٹرانسپورٹ پر حملہ کر کے انہوں نے دہشت گرد ہونے کی مہر ثبت کروا لی جس کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کچہ میں پولیس کو مزید جدید آلات و اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے جس سے ڈاکوؤں کے خلاف آئندہ انٹیلی جنس بیسڈ مزید موثر اور پوری قوت کے ساتھ کیے جائیں گے اور ان کے مذموم مقاصد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مغوی افراد کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں جنہیں کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام تر وسائل اور قوتیں کام میں لائیں گے۔ اس موقع پر آر پی او رائے بابر سعید اور ڈی پی او عرفان علی سموں سے انٹیلی جنس بیسڈ آپرینشز موجودہ و آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے احکامات و ہدایات جاری کیں