سرگودھا میں عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جاری

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500ویں یومِ ولادت کے موقع پر جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل اور تمام متعلقہ محکموں نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

شہر کو دلہن کیطرح سجایاجارہاہے۔مرکزی شاہراہوں ، چوکوں اوربازاروں کوجھنڈیوں،پینا فلیکس ، بل بورڈز اور برقی قمقموں سے دلکش انداز میں آراستہ کیا گیا ہے۔ اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر خصوصی لائٹنگ کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری اور نجی سکولوں میں جمعہ کے روز محافلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں بچوں نے نعتیہ کلام، تلاوت قرآن پاک اور درود و سلام کی پرنور محافل سے عاشقانِ رسول ﷺ کے دل جیت لیے ہیں۔