نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی میں عید میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے ہیڈکوارٹرز میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر جواد احمد ڈوگر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ مقررین کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا گیا جس میں حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ، تعلیمات اور اعلیٰ اخلاقی اقدار پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے خصوصاً امن، رواداری اور اتحاد کے پیغام کو اجاگر کیا۔ اپنے اختتامی کلمات میں نیشنل کوآرڈینیٹر نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنانا ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، عاجزی، شفقت اور عدل جیسے اوصاف کو اپنائیں کیونکہ یہی اقدار نیکٹا کے مشن یعنی امن و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ تقریب میں نیکٹا کے تمام افسران و ملازمین نے بڑی عقیدت اور احترام کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کا اختتام وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی دعا پر ہوا۔