قادیانیوں کو کافر قرار د یئے جانے پر بلوچستان اسمبلی کا سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین ، پبلک سروس کمیشن کے تحت مسابقتی امتحانات میں مواقع کی تعدادپانچ کرنے کی قرار منظور

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بلوچستان اسمبلی نے قادیانیوں کو کافر قرار دینے اور بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت مسابقتی امتحانات میں مواقع کی تعداد تین سے بڑھا کر پانچ کرنے سے متعلق قرار منظور کر لی، اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدار شروع ہوا ۔ اجلاس میں دو اہم قراردادیں منظور کی گئیں پہلی قرارداد اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے مشترکہ طور پر پیش کی، جس میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت مسابقتی امتحانات میں مواقع کی تعداد تین سے بڑھا کر پانچ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد کے مطابق بلوچستان کے طلباء کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں سماجی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اور اس تبدیلی سے انہیں مساوی مواقع فراہم ہوں گے، جس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی اور ٹیلنٹ کو فروغ ملے گا، ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

(جاری ہے)

دوسری قرارداد مولانا ہدایت الرحمان نے پیش کی جس میں قادیانیوں کو کافر قرار دینے اور ان کے فتنے سے بچنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا، قرارداد میں 7 ستمبر 1974 کو قادیانیوں کو کافر قرار دینے کی قومی اسمبلی کی قرارداد کا حوالہ دیا گیا اور اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور علمائے کرام کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا، صو بائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے بھی اس قرارداد کی حمایت کی ۔

اسمبلی نے یہ قرارداد کثرت رائے منظور کر لی دونوں قراردادوں کی منظوری کے بعد اسمبلی کا اجلاس 8 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔