چاڈمیں ہیضے کی وبا شدت اختیار کر گئی، ہلاکتوں کی تعداد 113 تک پہنچ گئی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 10:30

نجمینا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چاڈمیں جولائی سے پھیلنے والی ہیضے کی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 113 تک جا پہنچی ہے۔چادی وزارتِ صحت نے جمعے کے روز ایک بیان میں تصدیق کی کہ اب تک ملک بھر میں 1,631 مشتبہ کیسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار وزیرِ صحت عبدالمجید عبد الرحیم کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس کے دوران پیش کیے گئے، جس میں وبا کو روکنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارتِ صحت کے مطابق چاد کو 11 لاکھ 20 ہزار 295 ہیضے کی ویکسین کی خوراکیں موصول ہو چکی ہیں، جنہیں مشرقی علاقوں میں ویکسی نیشن مہم کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ہیضے کا پہلا کیس 13 جولائی کو مشرقی علاقے اوادائی میں واقع دوگی پناہ گزین کیمپ میں سامنے آیا تھا، جہاں تقریباً 20 ہزار سوڈانی مہاجرین مقیم ہیں۔افریقی مرکز برائے انسداد امراض نے ستمبر کے آغاز میں خبردار کیا تھا کہ ہیضہ براعظم افریقہ میں اب بھی ایک بڑا صحت عامہ کا بحران ہے۔ رواں سال اب تک 23 افریقی ممالک سے ہیضے کے 2 لاکھ 39 ہزار 754 کیسز اور 5 ہزار 274 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :