وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے پیغام

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پوری اُمت مسلمہ باالخصوص اہل پاکستان کو عید میلاد النبیﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیینﷺ کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کے لئے باعث سعادت و رحمت ہے اور آپ کی آفاقی تعلیمات بنی نوع انسان کی رہنمائی کے لئے ایک کامل نمونہ اور جامع سر چشمہ ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ آپﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے، آپﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا اور آپﷺ کی اسوہ حسنہ تمام انسانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

آپﷺ نے ہمیشہ تکریم انسانیت، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔

آپﷺ کا خطبہ حجتہ الوداع ایسا منشور ہے جو رہتی دنیا تک نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کی رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہ رحمت اللعالمین کی تعلیمات کا کرشمہ تھا جس نے سب کو ایک صف میں کھڑا کرکے آقا و غلام کا فرق مٹا دیا اور بلا امتیاز رنگ و نسل فلاح انسانیت کا درس دیا جس کی بدولت اسلام کو ادیان عالم پر غلبہ اور عروج نصیب ہوا۔محسن انسانیت کا یہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔

آپﷺ انسانیت کے نجات دہندہ اور حقیقی محسن ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ آج پھر اُمت مسلمہ کو عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے محسن انسانیت کی آفاقی تعلیمات کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ ریاست مدینہ کے سنہرے اصولوں کو اپنا کر ہی ایک ترقی یافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔آج کے بابرکت دن کے موقع پر بحیثیت مسلمان ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہم اسوئہ حسنہ کی روشنی میں ناصرف اپنے کردار و عمل کی اصلاح کریں گے بلکہ عدل و انصاف پر مبنی حقیقی فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے بھی حسب استطاعت اپنا کردار ادا کریں گے۔