Live Updates

نبی کریم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے،سردار ایاز صادق

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ نبی کریم ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے،رحمت، محبت اور رواداری کے 1500 سال کی آمد باعث رحمت ہے۔ڈائریکٹر میڈیا سے جاری بیان کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ دنیا کے لیے رحمت، ہدایت اور اعلیٰ اخلاق کا سر چشمہ ہے،1500 سالہ جشنِ رحمت، محبت اور رواداری امت مسلمہ کے لیے فخر کا باعث ہے،نبی کریم ﷺ نے جہالت، نفرت اور ناانصافی کے اندھیروں کو علم، عدل اور رواداری سے بدل دیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت بنایا، آپ ﷺ کی سیرت ہر دور کے انسان کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے،پر امن معاشرے کے لیے امانت، دیانت، عدل اور خدمتِ خلق اپنانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امیدوں کا مرکز ہے،قانون سازی میں سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی سے رہنمائی لینا ناگزیر ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ رسول ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے،اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل سے نوجوان اعلیٰ کردار اور اسلامی اقدار کے امین بن سکتے ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ تجدیدِ عہد اور خود احتسابی کا دن ہے،عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پر سیلاب متاثرین کو نہیں بھولنا چاہیے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیلاب میں لوگ اپنے گھر، مال مویشی اور روزگار سے محروم ہو گئے ہیں،سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی اور مدد سب کی ذمہ داری ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ارکان پارلیمان اختلافات بھلا کر قوم کی رہنمائی کریں،قوم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے سیلاب متاثرین کی مدد کرے۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے فلسطین اور کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عالمی برادری فلسطین و کشمیر میں ظلم ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان امن، انصاف اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے جدو جہد جاری رکھے گا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے وطن عزیز، سیلاب متاثرین اور فلسطین و کشمیر کے عوام کے لیے دعا کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات