یورپی یونین اور امریکا کے درمیان روس پر نئی پابندیوں سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس 8 ستمبر کو ہوگا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یورپی یونین اور امریکا کے درمیان روس پر نئی پابندیوں سے متعلق اہم مشاورتی اجلاس 8 ستمبر کو واشنگٹن میں ہو گا۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابقیورپی یونین اور امریکی حکام کے درمیان روس پر ممکنہ نئی اقتصادی پابندیوں سے متعلق ایک اہم اجلاس 8 ستمبر کو واشنگٹن میں منعقد ہو گا۔ اس ملاقات میں یورپی یونین کے نمائندہ برائے پابندیاں، ڈیوڈ او سلیوان، یورپی وفد کی قیادت کریں گے۔

اجلاس امریکی محکمہ خزانہ میں ہو گا، جہاں وائٹ ہاؤس، محکمہ خارجہ اور امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق، اجلاس کا مقصد روس پر دباؤ بڑھانے کے لیے مختلف اقتصادی اقدامات اور نئی ممکنہ پابندیوں پر غور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ یورپی یونین ایک وفد امریکہ بھیجے گی تاکہ روس پر پابندیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

دوسری جانب، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چین کے حالیہ دورے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مغرب یوکرین کی صورتحال کو اپنے عالمی معاشی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ روس پر مغربی پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، اور اس اجلاس کو ان پابندیوں کے نئے مرحلے کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔