سرورِ کائنات، خاتم النبیاء حضرت محمد ﷺ کے 1500 ویں جشنِ ولادت باسعادت کے سلسلے میں ٹنڈوآدم میں بھی مرکزی جلوس نکالا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) سرورِ کائنات، خاتم النبیاء حضرت محمد ﷺ کے 1500 ویں جشنِ ولادت باسعادت کے سلسلے میں ٹنڈوآدم میں بھی مرکزی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔ جلوس مرکزی عید میلادالنبی کمیٹی ٹنڈو آدم کی سرپرستی میں روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، چھتری چوک، لطیف گیٹ اور جمن شاہ روڈ سے ہوتا ہوا محمدی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے شرکاء پر مختلف مقامات پر گل پاشی کی گئی۔جامع مسجد پر علما کرام علامہ راشد مدنی، حافظ احسان، خان محمد معصومی، مولانا پیر محمد علی قادری، حسین عباس چغتائی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن امتِ مسلمہ کے لیے نہایت مقدس اور بابرکت دن ہے، جس دن نبی آخرالزمان ﷺ دنیا میں تشریف لائے۔

(جاری ہے)

آپ ﷺ کی آمد سے کفر و گمراہی کی تاریکیاں ختم ہوئیں اور دینِ اسلام کا سورج پوری کائنات میں اپنی روشنی بکھیر گیا۔

علما نے زور دیا کہ آپ ﷺ کی سیرت پر عمل کرکے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ امتِ مسلمہ اپنے محبوب نبی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے کو فراموش کر چکی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں مسلمانوں کو مسائل درپیش ہیں۔ علما نے کہا کہ اگر ہم سب نبی کریم ﷺ کے آخری خطبے پر عمل کریں تو کھویا ہوا تشخص دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں۔

جلوس میں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس بھی شامل ہوئے۔ بچے اور بزرگ عربی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ شرکاء کے لیے مختلف مقامات پر ٹھنڈے پانی اور شربت کا انتظام کیا گیا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات تھے جبکہ نگرانی ڈی ایس پی ٹنڈو آدم عبدالستار گرگيج کر رہے تھے۔ جلوس میں "نعرہ تکبیر اللہ اکبر"، "سرکار کی آمد مرحبا" اور "نعرہ حیدری" کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رھنما ملک ذوالفقار روشن اور میونسپل کمیٹی ٹنڈو آدم کے وائس چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے بھی شرکت کی۔