Live Updates

گورنر پنجاب کی عید میلاد النبی ۖ کے جلوس میں شرکت، داتا دربار پر حاضری

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ہفتہ کے روز لاہور میں منعقدہ سب سے بڑے 1500ویں عید میلاد النبی ۖ کے جلوس میں شرکت کی اور بعد ازاں حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے دربار پر حاضری دی۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش نے دین اسلام کے فروغ میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔

عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ہم محسن انسانیت، رحمت للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ۖ کی ولادت باسعادت کی خوشی منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب رب کائنات نے اپنے محبوب حضرت محمد ۖ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا اور ختم نبوت کی مہر ثبت کی۔

(جاری ہے)

آپ ۖ کی آمد سے دنیا سے جہالت اور ظلمت کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی سیرت طیبہ پر عمل دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ نبی آخرالزماں ۖ نے محبت، امن، برداشت اور احترامِ انسانیت کا درس دیا۔ آپ ۖ نے معاشرے کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کو حقوق عطا کیے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم ۖ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات