تورغر،گورنمنٹ ہائی سکول جدباء میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:50

تورغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ تورغر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میل کے باہمی اشتراک سے گورنمنٹ ہائی سکول جدباء میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ضلعی افسران،اساتذہ کرام،طلباء اور علاقہ کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صفدر اعظم قریشی تھے جبکہ دیگر اہم شخصیات میں محکمہ تعلیم کے افسران،سکول کے اساتذہ،طلباء کے والدین اور سماجی شخصیات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں طلباء نے یومِ دفاع کے حوالے سے ملی نغمے،تقاریر اور خاکے پیش کیے جنہوں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور وطن سے محبت کے جذبے کو اجاگر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان ہمارے قومی اتحاد،قربانی اور وطن سے بے پناہ محبت کی علامت ہے، 06 ستمبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی،یہ دن ہم سب کے لیے عہدِ نو کی تجدید کا دن ہے کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی،ترقی اور استحکام کے لیے مل جل کر کام کریں۔تقریب کے آخر میں مادرِ وطن کے دفاع،سلامتی،استحکام اور شہداء کی بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔