Live Updates

این ڈی ایم اےکی جانب سے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

ہفتہ 6 ستمبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید بارش متوقع ہے، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک بارش اور طوفانی ہوائیں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے میڈیا ونگ کے مطابق شدید بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالے بپھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، عوام محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز ہوائیں اور طوفان کمزور درخت گرانے اور بجلی کا نظام متاثر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں،بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ متاثر ہونے پر ٹریفک حادثات کا خدشہ ہے،عوام بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں،گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات