بھارت جلد معافی مانگ کر امریکہ کے ساتھ ڈیل کرنے پر مجبور ہو جائے گا،امریکی وزیر

ہفتہ 6 ستمبر 2025 23:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) امریکہ کے وزیر تجارت ہاورڈ لٹ نک نے کہاہے کہ بھارت جلد معافی مانگ کر امریکہ کے ساتھ ڈیل کرنے پر مجبور ہو جائے گا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ سے دوستی کے مودی کے کھوکھلے دعوے اب بے نقاب ہور رہے ہیں جب امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ایک نیا موڑ لے لیا۔

امریکہ وزیر تجارت ہاورڈ لٹ نِک نے بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی حکومت زیادہ دیر تک دبائو برداشت نہیں کر پائے گی اور جلد امریکہ کے ساتھ معاملات طے کرنے پر آمادہ ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اگلے ایک یا دو ماہ میں بھارت نہ صرف مذاکرات کی میز پر واپس آئے گا بلکہ خود صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی کوشش بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکی پابندیوں پر بھارتی حکام فی الحال سخت موقف دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر اصل میں یہ سب محض دکھاوا ہے۔

بالآخر بھارتی کاروباری طبقہ ہی حکومت پر دبائو ڈالے گا کہ وہ امریکہ کے ساتھ ڈیل کرے تاکہ تجارتی نقصانات سے بچا جا سکے۔ہاورڈ لٹ نک نے مودی حکومت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے امریکہ کے ساتھ تعاون نہ کیا تو اس کی برآمدات پر مزید ٹیرف عائد کر دیے جائیں گے۔امریکی کامرس سیکرٹری نے مودی کی منافقت کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف تو روس سے انتہائی سستا تیل خرید کر منافع کما رہا ہے اور دوسری جانب برکس اتحاد کا حصہ بھی بنا ہوا ہے جو امریکہ کے مفادات کے خلاف ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے روسی تیل لینا بند نہ کیا اور برکس سے الگ نہ ہوا تو اسے 50فیصد تک اضافی ٹیرف ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی روسی تیل کی خریداری کو مایوس کن قرار دیا تھا جبکہ بھارتی حکومت کا موقف ہے کہ وہ اپنے ایکسپورٹرز کو امریکی پابندیوں اور ٹیرف کے اثرات سے بچانے کے لیے متبادل اقدامات کرے گی۔