برآمدا ت کے فروغ کیلئے عالمی نمائشوں میں شرکت ،سنگل کنٹری نمائشو ںکے انعقاد کیا جائے‘ نجم مزاری

حکومتی شخصیا ت کے بیرون ممالک دوروں پر نجی شعبے خصوصاً برآمد کنندگان کے وفود کو ساتھ لے جایا جائے

اتوار 7 ستمبر 2025 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ نئی منڈیوں کی تلاش اور برآمدا ت کے فروغ کے لئے عالمی نمائشوں میں بھرپور شرکت کے ساتھ سنگل کنٹری نمائشو ںکے انعقاد کے لئے بھی کاوشیں کی جائیں، پیداواری لاگت اور فریٹ ریٹ زیادہ ہونے کی وجہ سے برآمد کنندگان مشکلات سے دوچار ہیں ا س لئے عالمی نمائشوں میں شریک ہونے والوں کی مالی معاونت کے طے شدہ فارمولے پر نظر ثانی کرتے ہوئے مزید ریلیف دیا جائے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کی عالمی نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے جس سے ہماری مصنوعات کی موثر تشہیر ہو سکے گی اور پاکستان عالمی منڈیوں میں اپنا شیئر حاصل کرنے کے قابل ہو سکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سے بارہا اپیلیں کر چکے ہیں کہ آرگینک خوراک اور مصنوعات کو برآمدات کے تناظر میں دیکھا جائے اور عالمی معیار کی سرٹیفکیشن کے لئے تعاون کیا جائے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جس طرح صوبے کی معیشت کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہیں ہم پر امید ہیں کہ وہ ہمارے مطالبات کو زیر غور لائیں گی ۔ نجم مزاری نے کہا کہ حکومت برآمدی مصنوعات کی سوشل میڈیا کے مختلف ٹولز کے ذریعے تشہیر کیلئے اپنی نگرانی میں الگ سے ادارہ قائم کرے جس کے یقینی طور پر بہترین نتائج نکلیں گے ۔حکومتی شخصیا ت کے بیرون ممالک دوروں پر نجی شعبے خصوصاً برآمد کنندگان کے وفود کو ساتھ لے جایا جائے اور پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کو ملاقاتوں کا اہتمام کرانے کیلئے متحرک کیا جائے ۔