یومِ خواندگی کی مرکزی تقریب (کل) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہو گی

اتوار 7 ستمبر 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، جائیکا-عقل، قومی کمیشن برائے انسانی ترقی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے اشتراک سے’’فروغِ خواندگی بذریعہ ڈیجیٹل‘‘ کی تقریب کل (پیر ) کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔یوم خواندگی کی مناسبت سے اسلام آباد منعقد ہونے والی یہ مرکزی تقریب ہوگی۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول ودیقی تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر مہمانِ خاص کے طور پر تقریب میں شرکت کریں گی ۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ندیم محبوب بھی خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر غیر رسمی اساتذہ کی مواصلاتی تربیت کا باضابطہ آغاز بھی کیا جائے گا تاکہ اساتذہ اپنے گھروں میں ہی جدید آن لائن تربیت حاصل کر سکیں اور انہیں طویل سفر کی دشواریوں سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اسی طرح غیر رسمی تعلیم میں نگرانی اور تشخیص کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا جو شعبے میں معیار اور اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’غیر رسمی اساتذہ کی مہارتوں کا ضابطہ کار‘‘ بھی لانچ کیا جائے گا جس کے ذریعے نان-فارمل اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔ اس موقع پر شرحِ خواندگی میں اضافے اور قومی تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے ٹھوس تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔