Live Updates

بزنس کمیونٹی سیلاب زدگان کی بحالی اور نقصانات کے ازالہ کیلئے حکومت سے بھر پور تعاون کرے گی، میاں عبدالرؤف

اتوار 7 ستمبر 2025 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) الفتح فیبرکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ممتاز صنعتکار و تاجر رہنما میاں عبدالرؤف نے کہا ہے کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے ایسی پالیسیاں تشکیل دینی چاہیے جن سے صنعتی شعبہ کو نہ صرف حالیہ سیلاب کے نقصان دہ اثرات سے بچایا جا سکے بلکہ مستقبل میں پائیدار ملکی ترقی کی راہ بھی ہموار ہوسکے۔

آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے خاص طور پر پنجاب کا صوبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سیلاب زدگان کی بحالی اور نقصانات کے ازالہ کیلئے حکومت سے بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث کچھ علاقوں میں راستوں کی بندش سے انڈسٹری کی سپلائی چین میں عارضی تعطل کا سامنا ہے جبکہ مستقبل میں زرعی پیداوار متاثر ہونے کے سبب خام مال کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کیلئے حکومت کو فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھانے چاہئیں جس سے صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے صنعتکاروں کو کاروباری لاگت میں اضافہ کے باوجود ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنا وجود برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انڈسٹری کیلئے سب سے بڑا چیلنج بڑھتی ہوئی کاسٹ آف ڈوئنگ بزنس ہے۔ بجلی اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث کاروباری لاگت بہت بڑھ چکی ہے اور برآمدکنندگان کو بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقت کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سفارتی کوششوں سے امریکہ سمیت دیگر ممالک سے ہمارے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی انڈسٹری کو سپورٹ کر کے ان ممالک میں اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگابلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے ایف بی آر سمیت دیگر حکومتی اداروں میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اس حوالے سے صنعتکاروں سے مشاورت کی جائے اور ایسی جامع اصلاحات متعارف کرائی جائیں جن سے ان اداروں کو کاروبار دوست بنایا جاسکے۔ اس سے ٹیکس کلیکشن بھی بڑھے گا اور حکومتی آمدن میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے حکومت کو صنعتکاروں کی مدد کرنی چاہیے۔ خصوصاً واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے حکومت بڑے پلانٹ لگائے۔ تاجر اس میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہیں۔ اسی طرح اگر انڈسٹری کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تو اس سے صنعتی شعبہ میں کوئلہ کے استعمال میں کمی ہوگی اور آلودگی پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات