ربیع الاول کے جلوسوں کی کھوکھر پیلس لاہور میں تواضع

صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور صدر مسلم لیگ ن سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے وسیع لنگر کا اہتمام

اتوار 7 ستمبر 2025 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)کھوکھر پیلس میں عید میلادالنبی ﷺ کی خوشی میں عظیم الشان لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ 12 ربیع الاول کا سالانہ جلوس سمسانی گاؤں سے شروع ہو کر مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا کھوکھر پیلس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جہاں جلوس کے شرکاء اور مقامی افراد کی بڑی تعداد کو لنگر سے تواضع کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رحمت ہے۔

سیرت النبی ﷺ ہمارے لیے کامل نمونہ ہے اور تعلیمات نبوی ﷺ اخوت، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرت طیبہ ﷺ کو مشعلِ راہ بنانا چاہیے، کیونکہ جشنِ میلادالنبی ﷺ اتحاد اور محبت کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہاکہ آج یوم دفاع پاکستان بھی ہے اور اس کے ساتھ عاشقوں کی عید بھی تو آج کے دن کا مزہ دوبالا ہوگیا ہے۔

ایم این اے و صدر مسلم لیگ ن لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کا جلوس عوام کے جذبہ عشقِ رسول ﷺ کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلادالنبی ﷺ کے جلوس میں عوام کی والہانہ شرکت لائقِ تحسین ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام کا پیغام محبت، امن اور بھائی چارے کا ہے اور عوامی خدمت و بھائی چارہ کھوکھر خاندان کی روایت ہے جبکہ آج کے دن ہم اپنی پاک فوج کے شہداء کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنکی قیمتی جانوں کے نذرانے کے باعث آج ہم سب آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔اس موقع پر ملک افضل کھوکھر، ملک شہباز کھوکھر،ملک شفیع کھوکھر، ملک عرفان شفیع سمیت مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔