صوابی، پاکستان ٹوبیکو بورڈ تمباکو کاشتکاروں کو تحفظ دینے میں ناکام ،عدم ادائیگی ،سرپلس کے اعلان میں تاخیر ،بحران شدت اختیار کر گیا

اتوار 7 ستمبر 2025 18:50

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)پاکستان ٹوبیکو بورڈ تمباکو کے کاشتکاروں کو تحفظ دینے میں ناکام رہا ،کاشتکاروں کو عدم ادائیگی اور سرپلس کے اعلان میں تاخیر سے بحران شدت اختیار کر گیا،تمباکو کاشتکاروں نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ انہیں بروقت تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ کاشتکاروں کے مطابق خریداری مراکز 4 جولائی کو کھولے گئے مگر بیشتر کمپنیاں الاٹ کردہ کوٹہ مقررہ وقت پر خریدنے نہیں آئیں، جس سے کسان شدید مشکلات میں مبتلا ہیں کاشتکاروں نے شکایت کی ہے کہ کمپنیاں اور ڈیلرز کسانوں کو بروقت قیمت ادا نہیں کر رہے جبکہ ٹوبیکو بورڈ بھی ادائیگی یقینی بنانے میں کردار ادا کرنے میں ناکام ہے جس کے باعث کاشتکار شدید مالی دبا کا شکار ہو چکا ہے،کسانوں کا کہنا ہے کہ سرپلس کوٹے کے اعلان میں تاخیر نے مسائل مزید بڑھا دیے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے کچھ کمپنیوں کو نوٹس بھی جاری کیے ہیں اور خریداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ بروقت خریداری اور ادائیگی یقینی نہ بنائیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاہم کاشتکاروں کے مطابق عملی طور پر کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی اور مسائل جوں کے توں ہیں،کاشتکاروں نے بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سرپلس کوٹے کا اعلان کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ کسان مزید نقصان سے بچ سکیں۔