خیبرپختونخوا میں بیماریوں کی بروقت شناخت کے لیے کمیونٹی بیسڈ سرویلنس سسٹم کا آغاز

اتوار 7 ستمبر 2025 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بیماریوں کی جلد شناخت اور مؤثر ردعمل کے لیے ایک جدید کمیونٹی بیسڈ سرویلنس سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایبٹ آباد میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں تربیت دینے والے ماہرین کو اس نظام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ یہ تربیتی پروگرام قومی ادارہ صحت پاکستان،یو کے ایچ ایس اے اور محکمہ صحت کی معاونت سے منعقد کیا گیا۔

تربیت میں محکمہ صحت ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر سلیم، فیلڈ ایپڈیمیالوجی ٹریننگ پروگرام کے فیلوز، ڈی ایچ او مردان کے طبی عملے سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس نظام کو ابتدائی طور پر ضلع مردان کی 20 یونین کونسلز میں تجرباتی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد کمیونٹی سطح پر بیماریوں کی بروقت شناخت، رپورٹنگ اور فوری طبی ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔

اس نظام کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز اور کمیونٹی ورکرز اپنے علاقوں میں جنم لینے والی بیماریوں کی نشاندہی کریں گی اور یہ معلومات لیڈی ہیلتھ سپروائزر کو فراہم کریں گی۔ سپروائزر یہ ڈیٹا متعلقہ بنیادی مراکز صحت (Basic Health Units) کو رپورٹ کریں گی، جہاں سے یہ معلومات ضلعی ہیلتھ آفس (DHO) کو منتقل کی جائیں گی۔ بعد ازاں یہ ڈیٹا صوبائی سطح پر محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو فراہم کیا جائے گا، جس سے نہ صرف مقامی بلکہ قومی سطح پر بیماریوں کی نگرانی کا نظام مزید مستعد، فعال اور بروقت ہو جائے گا۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق یہ نظام نہ صرف وبائی امراض کی جلد شناخت میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ صحت عامہ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس سے دیہی اور شہری علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے، اور قومی سطح پر بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے گا۔