Live Updates

ڈی جی آر ڈی اے کی افسران کو سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف سامان کی فراہمی کی ہدایت

اتوار 7 ستمبر 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی خصوصی ہدایات پر آر ڈی اے کے افسران کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سامان کی تیاری اور ترسیل کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام الناس کی مدد کرنا تمام سرکاری اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت تیاری اور متاثرین تک ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔ آر ڈی اے کے سینئر افسران جن میں چیف پلانر، ڈائریکٹر لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول، ڈائریکٹر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، سکیم سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں، اس انسان دوست اقدام میں بھرپور حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آر ڈی اے نے واضح کیا کہ ادارہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے ریلیف اقدامات میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ مزید برآں،سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ریٹائرڈ) نورالامین مینگل کی ہدایت پر آر ڈی اے، ایم ڈی واسا گجرات کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ضلع گجرات میں بھی ریلیف سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :