Live Updates

سکھر میں سیلاب سے متاثرہ جانوروں کی ویکسینیشن شروع کردی گئی

اتوار 7 ستمبر 2025 21:50

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) محکمہ لائیو اسٹاک کے زیر اہتمام سکھر میں سیلاب سے متاثرہ جانوروں کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سکھر پیر بخش لغاری کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن اور علاج معالجے کا عمل جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع سکھر کی نیو سٹی سکھر، روہڑی اور پنو عاقل تحصیلوں کے دریائی سندھ کےحفاظتی بندوں بچل شاہ، جعفرآباد، توڈل شاہ، پی پوائنٹ علی واہ، سومرا پنہواری اور ارل سدھوجا پر 6 ویکسینیشن کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کیمپس میں 10 جولائی سے اب تک سیلاب متاثرہ علاقوں کے کُل 88 ہزار 438 سے زائد جانوروں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، جن میں 53 ہزار 256 بڑے جانور اور 35 ہزار 192 چھوٹے جانور شامل ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد جانوروں کا علاج کیا گیا ہے اور مویشی مالکان کو مفت ادویات بھی دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلع سکھر میں جانوروں کی کُل تعداد 14 لاکھ 18 ہزار 390 ہے، جن میں سے ایک لاکھ سے زیادہ جانوروں سیلاب سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کیمپس میں لائیو اسٹاک محکمہ روزانہ کی بنیاد پر سیلاب متاثرہ کے چھوٹے اور بڑے جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مفت علاج، ویکسین اور ادویات کی فراہم کر رہا ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :