Live Updates

جنوبی سوڈان: یو این امن کاروں پر حملے کی کڑی مذمت

یو این پیر 8 ستمبر 2025 11:45

جنوبی سوڈان: یو این امن کاروں پر حملے کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 ستمبر 2025ء) جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن مشن (یو این ایم آئی ایس ایس) نے ملک کی مغربی ریاست ایکواٹوریا میں امن کاروں پر مقامی مسلح گروہ کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں جنگی جرم کے مترادف ہو سکتی ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امن کار تمبورا اور ماپوسے نامی علاقوں کے درمیان گشت کر رہے تھے۔

حملہ آور مسلح افراد نے حملے کے دوران ان سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی چھین لیا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ جنوبی سوڈان میں امن کار شہریوں کو تحفط دینے پر مامور ہیں جبکہ ایکواٹوریا میں رسائی اور سلامتی کی صورتحال بدستور نازک ہے۔

ملک میں مسلح کشیدگی بھی جاری ہے جس کے باعث 2018 کے امن معاہدے کو شدید خطرات لاحق ہی جبکہ انسانی حالات میں متواتر بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب کی تباہ کاریاں

جنوبی سوڈان میں حالیہ دنوں بڑے رقبے پر آنے والے سیلاب نے تباہی مچائی ہے اور ہزاروں لوگوں کو مدد کی اشد ضرورت ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ملک میں چار ریاستوں کے 12 علاقوں میں 270,000 سے زیادہ لوگ سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ یہ علاقے پہلے ہی نقل مکانی، غذائی عدم تحفظ اور ہیضے کی وبا جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔

سیلاب نے بہت سی جگہوں پر کھیتوں، گھروں اور امدادی مراکز کو ڈبو دیا ہے اور تعلیم، صحت، غذائیت اور پانی کی خدمات کو نقصان پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی حکام نے کہا ہے کہ نقل مکانی کرنے والوں کی پناہ گاہوں میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کی موجودگی میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں، سانپوں کے کاٹنے اور صحت عامہ کے حوالے سے خدشات جنم لے رہے ہیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات