یرغمالیوں کی رہائی اورتخفیف اسلحہ پر مشروط غزہ جنگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے، اسرائیل

پیر 8 ستمبر 2025 14:06

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ اگر حماس یرغمالیوں کو رہا کر کے خود غیر مسلح کر دے تو غزہ کی پٹی میں جنگ ختم ہو سکتی ہے۔ ساعر نے یہ ریمارکس یروشلم میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران حماس کے اس موقف کو دہرانے کے ایک دن بعد دئیے۔

حماس نے کہا تھا کہ اگر اسرائیل جنگ ختم کرنے اور اپنی افواج کو واپس بلانے پر راضی ہوتا ہے تو وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کر دے گی۔اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زامیر نے سفارش کی ہے کہ سیاسی قیادت غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچ جائے چاہے یہ جزوی ہی کیوں نہ ہو۔ زامیر نے سیاسی قیادت سے فلسطینی پٹی کے مستقبل کے حوالے سے وضاحت بھی طلب کی۔

(جاری ہے)

یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ شہر کے مضافات اور اندر فوجی آپریشن میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔یہ سب اس وقت ہو ا ہے جب امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے غزہ کی پٹی پر ایک جامع معاہدے کے حوالے سے حماس کو پیغام پہنچایا۔ یہ بات ذرائع نے ایکسیوس کو بتائی ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ حماس کو وٹکوف کے پیغامات میں غزہ میں جنگ کے خاتمے کے بدلے تمام یرغمالیوں کی رہائی شامل تھی۔