سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و برداشت سمیت بہترین رویہ اپنایا جائے، ڈی پی او مانسہرہ

پیر 8 ستمبر 2025 15:27

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا ہے کہ محرر سٹاف تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و برداشت اور بہترین رویہ اپنائے تاکہ ان کی مشکلات بروقت حل ہو سکیں، کمیونٹی پولیسنگ پر عمل درآمد، پیدل گشت، موبائل گشت اور رائیڈرز گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہو اور عوام کو پولیس کے ساتھ مزید قریبی تعلق اور اعتماد حاصل ہو۔

وہ تھانہ اوگی اور تھانہ خاکی کے دورہ کے موقع پر محرر سٹاف سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے محرر سٹاف سے تمام تفصیلات لیں اور سختی سے ہدایت دی کہ تھانے آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر و برداشت اور بہترین رویہ اپنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات بروقت حل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

دورہ کے دوران ڈی پی او مانسہرہ نے تھانوں کا ریکارڈ اور درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر لیڈی مدد محرر سے بھی خواتین کی طرف سے درج کی جانے والی شکایات اور ان کے ازالہ کے بارے میں تفصیلات معلوم کی گئیں۔ ڈی پی او مانسہرہ نے دونوں تھانوں اور متعلقہ سرکلز کی حدود میں جرائم کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ڈی ایس پی سرکل اوگی وحید خان، ڈی ایس پی سرکل بفہ پکھل شاہجہان خان سمیت ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ چوری، راہزنی اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جامع حکمت عملی کے تحت فوری کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔

انہوں نے تھانوں کی بلڈنگ، انفراسٹرکچر اور دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مزید جانفشانی کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں۔ ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ پر عمل درآمد، پیدل گشت، موبائل گشت اور رائیڈرز گشت کے نظام کو موثر بنایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہو اور عوام کو پولیس کے ساتھ مزید قریبی تعلق اور اعتماد حاصل ہو۔