لاہور ہائی کورٹ،ضلعی عدالتوں میں ملازمین کی چھٹیوں سے متعلق ترمیم شدہ لیو رولزکا نفاذ

پیر 8 ستمبر 2025 16:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات پر لاہور ہائی کورٹ و پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں ملازمین کی حاصل چھٹیوں سے متعلق ترمیم شدہ لیو رولز1981کو ختم کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ لیو رولز2025 کا نفاذ کر دیا گیا ۔ آئین کے آرٹیکلز 208 اور 203 کے تحت اختیارات کو استعمال میں لاتے ہوئے چیف جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات پر لاہور ہائی کورٹ و صوبہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے لئے لیو رولز بنائے گئے۔

لاہور ہائی کورٹ لیو رولز2025 کو صوبائی کابینہ میں پیش کیا گیا اور بعد ازاں گورنر پنجاب سے بھی منظوری لی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ لیو رولز2025 کے تحت عدالتی کام کو متاثر کئے بغیر جوڈیشل افسران، لاہور ہائی کورٹ کے افسران و ملازمین اور ضلعی عدلیہ کے افسران و ملازمین کو بیرونِ ممالک سفر کے لئے چھٹیوں کابہترین طریقہ کار اپنا یا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ و ضلعی عدلیہ کے افسران و ملازمین عزیز و اقارب سے ملنے اور عمرہ و زیارات کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے موسم گرما اور موسم سرما کی چھٹیوں کا استعمال کر سکیں گے۔

مزید برآں عمرہ کی ادائیگی کے لئے ماہِ رمضان المبارک اور زیارات کے لئے ماہِ محرم الحرام میں بھی چھٹی کی درخواست دی جاسکے گی۔اعدادوشمار کے مطابق سال 2025 میں اب تک لاہور ہائی کورٹ لیو رولز2025 کے تحت 354 جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ و ضلعی عدلیہ کے افسران و ملازمین کو تفریحی و معلوماتی دوروں، عزیز و اقارب سے ملنے اور حج، عمرہ و زیارات کی ادائیگی کے لئے ایکس پاکستان لیو گرانٹ کی گئی۔

جبکہ سال 2023 میں 183 اور 2024 میں 230 جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ و ضلعی عدلیہ کے افسران و ملازمین کو ایکس پاکستان لیو دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے سرکاری مصدقہ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی جوڈیشل افسران اور لاہور ہائی کورٹ و ضلعی عدلیہ کے افسران و ملازمین کو عزیزو اقارب سے ملنے اور مقدس فریضہ جا ت کی ادائیگی کے لئے واضح فرق کے ساتھ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اس سارے دورانیہ میں عدالتی کام بالکل بھی متاثر نہیں ہوا۔