گندم اور آٹے کی سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت

مارکیٹ میں گندم اور آٹے کے وافر سٹاک کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے‘ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا

پیر 8 ستمبر 2025 16:46

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)گندم اور آٹے کی سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت اور مارکیٹ میں گندم اور آٹے کے وافر سٹاک کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے محکمہ فوڈ کے افسران،فلور مل مالکان اور گندم کے تاجران کے ساتھ میٹنگ کے دوران کیا۔ڈی سی نارووال کا کہنا تھا کہ ضلع نارووال میں کام کرنے والے گندم کے تاجروں اور ایسے تمام دوکاندار یا افراد جن کے پاس گندم سٹاک ہے وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنا سٹاک رجسٹر کروائیں اور ان تمام تاجروں کی گندم گورنمنٹ اچھے داموں میں خریدے گی۔

ڈی سی نارووال نے گندم کے تاجروں کو مطلع کیا کہ اگر کسی کے پاس گندم کا غیر رجسٹرڈ سٹاک پایا گیا تو محکمہ فوڈ اس سٹاک کو سرکاری تحویل میں لے کر متعلقہ گوداموں کو سیل کرے گا اس لئے کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کیلئے اپنا تمام تر سٹاک رجسٹر کروائیں۔

(جاری ہے)

ڈی ۔سی نارووال نے محکمہ فوڈ کے افسران سے کہا کہ سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمتوں پر گندم اور آٹے کی فروخت کو یقینی بنایا جائے اوراس امر کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے کہ مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی کسی قسم کی قلت نہ ہو۔

اور آٹے اور گندم کی دوکانوں پر سرکاری ریٹس آویزاں کروائیں تاکہ گندم و آٹے کی فروخت میں گراں فروشی کا تدارک کیا جاسکے۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام سرورکی زیر صدارت اجلاس میں گندم ٹریڈرز کو سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی۔گندم کی قیمت 3000روپے فی من، روٹی 14روپے جبکہ 10کلو آٹا 905اور 20کلو آٹا 1810روپے میں دستیاب ہوگا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ علی طاہرودیگرنے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور آٹا و روٹی ہر صورت نوٹیفائیڈ ریٹ پر فراہم کی جائے گی۔