شیخوپورہ ،جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف قانونی کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی،ڈپٹی کمشنر

پیر 8 ستمبر 2025 17:13

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او ہیلتھ، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ، پانچوں تحصیلوں کے ڈرگ انسپکٹرز اور ڈسٹرکٹ کوالٹی بورڈ نے شرکت کی، اجلاس میں مجموعی طور پر 31 کیسز کی سماعت کی گئی، ڈپٹی کمشنر نے 23 کیسز کو ڈرگ کورٹ بھجوانے، 2 کیسز میں مقدمہ درج کرنے، 1 کیس میں لائسنس کینسل کرنے، چار کو وارننگ جبکہ 1 کیس کو ڈی سیل کرنے کے احکامات دئیے ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ ممنوعہ اورزائد المیعاد ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، میڈیکل سٹورز مالکان لائسنس کی شرائط کے مطابق کام کریں ورنہ انکے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گےانہوں نے مزید کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز پر سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام مزید موثر بنایا جائے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف قانونی کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔

\378