Live Updates

سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر حکومت کی مکمل نظر، 3 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کر چکے ، شرجیل انعام میمن

منگل 9 ستمبر 2025 22:34

سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر حکومت کی مکمل نظر، 3 لاکھ 88 ہزار سے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں دریاؤں کی صورتحال تاحال غیر معمولی ہے، تاہم حکومت سندھ نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے مکمل الرٹ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور تمام ریلیف x ادارے ایک مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت دن رات متحرک ہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا پنجند بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 452,930 کیوسک ہے جبکہ ٹرمو بیراج پر آمد و اخراج 438,097 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 443,494 کیوسک اور اخراج 434,294 کیوسک ہے، جبکہ سکھر بیراج پر آمد 374,800 کیوسک اور اخراج 359,050 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں آمد 233,788 کیوسک اور اخراج 231,763 کیوسک بتایا گیا ہے۔

انہوں نے سیلاب کی شدت کے حوالے سے بتایا کہ گنڈا سنگھ والا، سدھنائی، پنجند، تریمو، بلوکی میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ کوٹری بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ انہوں نے کہا نے کچہ کے علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7,724 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک 1 لاکھ 41 ہزار 611 افراد وہاں سے نکالے جا چکے ہیں۔

مجموعی طور پر ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر 3 لاکھ 88 ہزار 940 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے قائم 159 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4,894 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ مجموعی طور پر 50,040 افراد کو علاج کی سہولیات دی گئی ہیں۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پالتو اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8,577 مویشیوں کو منتقل کیا گیا، اور 36,881 کو ویکسینیشن و علاج فراہم کیا گیا۔ اب تک 9 لاکھ 74 ہزار 825 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد ، جبکہ منگلا ڈیم 90 فیصد بھر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات