معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع اصلاحات کی ضرورت ہے،صدر آئی سی سی آئی

پیر 8 ستمبر 2025 18:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور پاکستانی معیشت کی حقیقی صلاحیت سے استفادہ کے لیے فوری اور جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ، ریگولیٹری مسائل اور توانائی کی زیادہ قیمتیں مینوفیکچرنگ سیکٹر کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہیں جس سے علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کو مسابقت کے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ہماری برآمدات غیر متنوع ہیں جن میں کم قیمت والی مصنوعات کا غلبہ ہے جس کی وجہ سے برآمدات کی بلند شرح حاصل کرنے اور انتہائی ضروری غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیرف ڈسپلن سمیت حقیقی ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں بصورت دیگر گردشی قرضوں کے بحران کا خدشہ رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچہ کے مسائل پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔اتفاق رائے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے اہم چیلنج ایک جامع سیاسی ماحول کا فقدان بھی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام شراکت داروں بالخصوص کاروباری برادری کو اصلاحات کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔

صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے ہمیشہ اپنی موثر وکالت کے ذریعے اور قومی معاشی بہبود کے مقصد سے حقیقی پالیسی سفارشات پیش کر کے ملک کی معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروباری اصلاحات، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے پالیسی سازوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔