اپر چترال انتظامیہ کی بروغل ویلی میں پہلی دفعہ کھلی کچہری کا انعقاد

پیر 8 ستمبر 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا عوامی ایجنڈا کے تحت ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے بروغل ویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ بروغل ویلی جو اپنی خوبصورتی اور دور افتادگی کے باعث مشہور ہے ، میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ اس اہم عوامی اجتماع کی صدارت ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل نے کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال، متعدد لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل براہ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے رکھے۔

کھلی کچہری کے دوران عوام نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر آواز اٹھائی۔ خاص طور پر ناقص سڑکوں، سکول اور ہسپتال کی کمی، اور گودام میں اناج کی قلت، وٹرنری ڈاکٹر کی فراہمی، گرین گودام بروغل کے کام میں بلا وجہ تعطلی، بروغل نیشنل پارک کے حوالے سے محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے معلومات کی عدم فراہمی، محکمہ ایجوکیشن کا ہائی سکول یارخون لشٹ کی بلڈنگ کو اپنے تحویل میں لینا، مذکورہ ہائی سکول میں سائنس لیب کا نہ ہونا، سکول ہذا میں ٹیچرز کی کمی جیسے اہم مسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

مقامی افراد نے اپنے روزمرہ کے مسائل کا حقیقی عکس پیش کیا جسے انتظامیہ نے نہایت سنجیدگی سے سنا۔ ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمن خان خلیل نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بروغل جیسے دور دراز علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ کھلی کچہری نہ صرف عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم قدم تھا بلکہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان ایک مثبت تعلق کی بنیاد بھی بنی۔