شہید کانسٹیبل اشفاق احمدکی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں اداکردی گئی

پیر 8 ستمبر 2025 23:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) شہید کانسٹیبل اشفاق احمدکی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں اداکردی گئی۔آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر, سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی انویسٹی گیشن, سی ٹی او فیصل آباد ،جملہ ٹاؤن ایس پیز، سول سوسائٹی،لواحقین اور کثیر تعداد میں پولیس افسران و اہلکاروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی ،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کانسٹیبل اشفاق احمد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔

آر پی او فیصل آبادذیشان اصغر نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا،شہید کانسٹیبل تھانہ صدر فیصل آباد میں دورانِ ڈیوٹی علاقہ تھانہ روشن والا 236رب فاطمہ گارڈن میں گولیاں لگنے سے جام شہادت نوش کرگئے ۔ آر پی او نے اس موقع پر کہا کہ شہید کی لازوال قربانیاں محکمہ کیلئے عزت وتکریم کا باعث ہیں۔شہداء ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔شہیدکے اہلخانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں ہم ہر موقع،ہر گھڑی شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔