Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں محکمہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے،خواجہ عمران

پیر 8 ستمبر 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے، محکمہ صحت و آبادی نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اپنی 968 فیسیلیٹیز کے ذریعے 43 ہزار سے زائد افراد کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت و آبادی کے کمیٹی روم میں اعلی سطح کے اجلاس کی اجلاس کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا- سپیشل سیکرٹری عون عباس، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر خلیل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر زوہیب بھی اجلاس میں موجود تھے-صوبہ بھر کے سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس نے آن لائن شرکت کی-اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہمحکمہ صحت و آبادی ابتک 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی ہے-محکمہ صحت و آبادی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 447 فکسڈ ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں جہاں 24 گھنٹے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے کہا نے کہا کہ آپ لوگوں نے جس جذبے کے ساتھ اس قدرتی آفت میں سیلاب متاثرین کی مدد کی ہے وہ لائق تحسین ہے،آپ کے اس جذبے کو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سراہا ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف مسلسل فیلڈ میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کی ہدایت پر ان کی ٹیم بھی امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ میں مصروف عمل ہے۔

۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اسوقت 24 کلینک آن بوٹ سیلاب متاثرہ علاقوں میں آپریشنل ہیں،کلینک آن بوٹ کے ذریعے 2ہزار سے زائد سیلاب میں گھرے بہن بھائیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، محکمہ صحت و آبادی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 22 فیلڈ ہسپتال قائم کئے ہیں جہاں ابتک 33 ہزار 9 سو سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر کے استفسار پر انہیں بتایا گیا کہ ریلیف کیمپس میں انسولین کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مریم نواز کلینک آن ویلز نے اب تک 2 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سروسز فراہم کی ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہر فیسیلیٹی 24 گھنٹے آپریشنل رہنی چاہیے، محکمہ صحت و آبادی کی تمام فیسیلیٹیز میں سانپ کے کاٹنے، اینٹی ریبیز ویکسین سمیت وبائی امراض سے بچائو کی ادویات موجود ہیں اور الحمداللہ بروقت اقدامات سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سانپ کے کاٹنے سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔صوبائی وزیرنے تمام سی ای اوز, ایم ایس، ڈی ڈی ایچ اوز،ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف، فارماسسٹ، فیلڈ ورکرز کو دلجمعی اور مشکل حالات میں بھی فرض شناسی سے فرائض سرانجام دینے پر شاباش دی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات