فلسطینی تنظیموں پر امریکی پابندیاں افسوس ناک اور غیر منصفانہ ہیں، پورپی یونین

منگل 9 ستمبر 2025 08:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) یورپی یونین کے ترجمان انور العنونی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے فلسطینی غیر سرکاری تنظیموں پر عائد حالیہ پابندیاں افسوس ناک اور غیر منصفانہ ہیں۔انھوں نے "العربیہ" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی پابندیاں انسانی حقوق کے کارکنوں کے کام کے منافی ہیں، کیونکہ یہ افراد معاشروں کی تعمیر اور جمہوری اقدار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

العنونی کا مزید کہنا تھا کہ "ان لوگوں کو تحفظ دینا اور ان کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ججوں پر حملے یا ان پر پابندیاں عائد کرنا، جیسا کہ اس معاملے میں عالمی فوجداری عدالت کے ججوں یا منتخب نمائندوں پر کیا جا رہا ہے، ناقابل قبول ہے۔ترجمان نے زور دیا کہ یورپی یونین کے تمام 27 رکن ممالک دو ریاستی حل پر متفق ہیں اور اسے امن قائم کرنے کا واحد راستہ سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یورپی یونین غزہ میں فوری فائر بندی اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ العنونی نے ساتھ ہی اسرائیل پر زور دیا کہ وہ امدادی سامان کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کرے۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ یورپی یونین انسانی بحران میں کمی لانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔