جنوبی آسٹریلیا میں زرعی سپرے کے آپریشن کے دوران چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ، پائلٹ ہلاک

منگل 9 ستمبر 2025 10:00

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) جنوبی آسٹریلیا کی ریاست میں زرعی سپرے کے آپریشن کے دوران چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ شنہوا کے مطابق جنوبی آسٹریلیا پولیس نے بیان میں بتایا ہے کہ یہ حادثہ ریاست کے دارالحکومت ایڈیلیڈ سے 275 کلومیٹر مغرب میں واقع چھوٹے قصبے ییلنا کے قریب کھیتوں میں دوپہر کو مقامی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے کے قریب پیش آیا۔

حادثے کے نتیجے میں 36 سالہ پائلٹ جو طیارے میں سوار واحد شخص تھا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس نے کہا کہ حادثے کے ارد گرد کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے تفتیش کاروں کو تعینات کیا گیا اور آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو ( اے ٹی ایس بی ) بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گا۔اے ٹی ایس بی نے بیان میں کہا ہے کہ ایئر ٹریکٹر کا زرعی طیارہ فصلوں پر چھڑکاؤ کرتے ہوئے زمین سے ٹکرا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ طیارے کے آپریشن میں مہارت رکھنے والے اے ٹی ایس بی کے تفتیش کاروں کو جائے وقوعہ پر بھیجا جائے گا تاکہ وہ شواہد اکٹھے کر سکیں اور ملبے کا جائزہ لیں۔ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والےطیارے کے آلات کی کینبرا میں اے ٹی ایس بی کی تکنیکی سہولیات میں جانچ کی جائے گی۔ ■