شام کے متعدد شہروں میں اسرائیل کے فضائی حملے

منگل 9 ستمبر 2025 11:00

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے شام کے متعدد مقامات پر حملے کئے۔ شنہوا نے شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ساناکی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل نے فضائی حملوں میں وسطی شام میں حمص کے مضافات، ساحلی شہر لطاکیہ اور صحرائی شہر پالمیرا کو نشانہ بنایا ،شہروں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم جانی یا مالی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

شام کے خارجہ امور کے حکام نے اسے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ حملے شام کی خودمختاری اور علاقائی استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ بار بار اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حمص کے جنوب مشرق میں فضائیہ کی ایک بٹالین کو نشانہ بنایا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اموات کا خدشہ ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے مزید 2حملے لطاکیہ میں ایک فوجی بیرک پر کئے حملے کی اطلاع پر ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ حملوں کے دوران اسرائیلی جنگی طیارے جنوبی شام کی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ■