شدید بارش کے بعد ڈپٹی کمشنرلاہور متحرک،مختلف مقامات کے دورے،انتظامیہ کو فوری نکاسی آب کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2025 16:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا نے گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے بعدمختلف علاقوں کے دورے پر فیلڈ میں متحرک رہے، انہوں نے لکشمی چوک اور لبرٹی سمیت شہر کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا اور واسا حکام کو ہدایت کی کہ تمام واٹر ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل استعداد کے ساتھ چلایا جائے تاکہ نکاسی آب میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

انتظامیہ کے مطابق مرکزی شاہراہوں سے بارش کا پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چونگ ملتان روڈ کا بھی دورہ کیا جہاں شدید بارش کے بعد نکاسی آب اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال ٹائون طارق شبیر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سکول جو عارضی فلڈ ریلیف کیمپ کے طور پر استعمال ہوا تھا اس میں دوبارہ معمول کی کلاسیں شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول میں کیے گئے صفائی اور دیگر انتظامات کو سراہا اور مزید بہتری کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے طلبہ کو معیاری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ بارشوں کے پیش نظر شہر میں نکاسی آب کے نظام کو مزید مثر بنانے پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی ادارے حفاظتی معیار کی بھی مکمل پاسداری کریں۔

سید موسٰی رضا نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کی سہولت کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔