ڈپٹی کمشنر لاہور کی افسران کو ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

منگل 9 ستمبر 2025 16:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نےافسران کو ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے اور سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لایا جا رہا ہے۔ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے اور روٹی 14 روپے میں دستیاب ہے۔

اسی طرح چینی 175 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر فروخت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی اور استحکام دیکھنے میں آیا ہے، لیمو اور شملہ مرچ کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ بینگن کی قیمت 120 روپے سے کم ہو کر 110 روپے فی کلو پر آ گئی ہے جبکہ آلو، پیاز، ٹماٹر اور اروی سمیت متعدد سبزیوں کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ عوامی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اس لئے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ عوام اپنی شکایات ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم 03070002345 پر یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاروبار کے نام پر عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔