کراچی میں آن لائن منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈیلیوری رائیڈر گرفتار

منگل 9 ستمبر 2025 22:24

ٖکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) یڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر کراچی پولیس کے اسپیشلائزڈ انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے کی جانب سے آن لائن منشیات فروش گروہوں کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں سرسید کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک ڈیلیوری رائیڈر کو گرفتار کر لیا گیا، جو سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس کے ذریعے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ایس آئی یو عارف اسلم راؤ کے مطابق، گرفتار ملزم کی شناخت عبدالحمید کے نام سے ہوئی ہے، جو حب وندر سے منشیات خرید کر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک پاؤ سے زائد کرسٹل منشیات برآمد کی ہے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم ڈیلیوری کے لیے سوشل اپلیکیشنز کا استعمال کرتا تھا، جس سے وہ خفیہ طور پر صارفین سے رابطہ کرتا اور مخصوص مقامات پر منشیات پہنچاتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف اسپیشلائزڈ انویسٹیگیشن یونٹ (SIU) میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، جس میں اس کے دیگر ساتھیوں اور خریداروں کے بارے میں اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔