ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کارروائیاں

منگل 9 ستمبر 2025 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں متحرک ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور وافر اسٹاک کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کی جائیں۔اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی ای اوز پیرا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں جبکہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور گرانفروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ضلعی انتظامیہ کی جاری چیکنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ آٹے کے 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 905 روپے، 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 1810 روپے، جبکہ روٹی 14 روپے میں دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

چینی بھی 175 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر فروخت ہو رہی ہے۔

علاوہ ازیں، سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، لیمن اور شملہ مرچ کی قیمت کم ہوئی ہے جبکہ بینگن کی قیمت 120 روپے سے کم ہو کر 110 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ آلو، پیاز، ٹماٹر اور اروی سمیت کئی سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ شہری اپنی شکایات ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم 03070002345 پر درج کرا سکتے ہیں یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کے نام پر عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔