گجرات :متاثرین کو راشن اور پانچ ہزار صاف پانی کے کین فراہم

منگل 9 ستمبر 2025 19:10

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر گجرات کے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ریلیف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق گجرات کے ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو ایک ہفتے کا راشن فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ جراثیم سے محفوظ صاف پانی کے 19 لیٹر کے پانچ ہزار کین بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف مقامات کو کلئیر کر دیا گیا ہے جن میں رائے کبیر، نات حویلی، رام پیاری محل، فوارہ چوک اور جی ٹی روڈ شامل ہیں۔ اسی طرح ریلوے روڈ، سرکلر روڈ، نورپورشرقی، رامتلائی، نواب چوک، شاہ جہانگیر اور مچھلی چوک بھی نکاسی آب آپریشن کے ذریعے صاف کر دیے گئے ہیں۔ مزید براں، خواجگان روڈ، جناح چوک، پرنس چوک، غریب پورہ روڈ، کورٹ روڈ اور جیل چوک پر نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق آپریشن میں جدید مشینری استعمال کی جا رہی ہے جبکہ مختلف اضلاع کی واسا ایجنسیوں سے آئی خصوصی ٹیمیں بھی نکاسی آب کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔ کالرہ اور مین ڈرین کی ڈی سلٹنگ بھی مسلسل جاری ہے تاکہ بارشی پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق تمام ڈسپوزل اسٹیشن اپنی مکمل استعداد پر چلائے جا رہے ہیں اور جیل روڈ، جی ٹی روڈ اور کالرہ ڈسپوزل اسٹیشنز پر اضافی پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ غیر فعال پمپس کو بھی فوری طور پر بحال کر کے چلایا جا چکا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔