Live Updates

قائمہ کمیٹی صحت کا اجلاس، سیلاب کے باعث میڈیکل کالجز کا داخلہ ٹیسٹ ملتوی کرنے کا مطالبہ

منگل 9 ستمبر 2025 20:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس میں میڈیکل کالجز کا داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ ملتوی کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر مرزا آفریدی نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث ملک بھر میں ہنگامی صورتحال ہے، پی ایم ڈی سی نے 5 اکتوبر کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث گاں، دیہات اور شہر تباہ ہو رہے ہیں، طلبا کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب پنجاب سے سندھ میں داخل ہو رہا ہے، پنجاب میں سیلاب سے بدترین تباہ کاریاں ہوئی ہیں۔ سینیٹر مرزا آفریدی نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں سے امیدواروں کی بڑی تعداد ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شریک ہوتی ہے، درخواست ہے میڈیکل کالجز کا داخلہ ٹیسٹ نومبر تک ملتوی کیا جائے۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان میڈیکل و ڈینٹل کونسل نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے بارے میں میڈیکل یونیورسٹیز کا مشاورتی اجلاس 10 ستمبر کو ہوگا، ایم ڈی کیٹ کے انعقاد اور التوا سے متعلق فیصلہ یونیورسٹیز کی مشاورت سے ہوگا، جو بھی فیصلہ ہوا طلبا کے مفاد میں ہوگا۔مصطفی کمال نے کہاکہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد صوبائی سرکاری میڈیکل جامعات کرتی ہیں، ایم ڈی کیٹ کیلئے پی ایم ڈی سی صرف پیپر تیار کر کے دیتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات