پاکستان سنی تحریک کا نیو کراچی میں فیکٹری میں آتشزدگی اور ملیر ندی زیر آب آنے پر تشویش کا اظہار

منگل 9 ستمبر 2025 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)کراچی میں بارشوں اور آتشزدگی سے دو واقعات رونما ہوئے ہیں۔ان دونوں ہی واقعات میں جانی اور مالی نقصان ہوا سندھ حکومت اور کراچی انتظامیہ فوری ان نقصانات کا ازالہ کرے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ملیر ندی میں بارشوں کا پانی آتا ہے مگر وقت سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جاتے اور اس کا خمیازہ عوام کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔

ملیر ندی میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے،مگر انتظامیہ غائب ہے بارشوں کے پانی کے باعث ملیر ندی زیر آب آگئی ایک نوجوان ڈوب گیا مگر انتظامیہ سوئی رہی انتظامیہ کو اطلاع دینے کے باوجود انتظامیہ بہت دیر سے پہنچی۔

(جاری ہے)

محکموں کی ناقص حکمت عملی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملیر ندی میں آنے والا پانی آبادی میں بھی داخل ہو گیا ہے۔متعلقہ محکمے نے بھی بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے مگر پھر بھی کوئی ریسکیو آپریشن وہاں نہیں کیا جا رہا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل نے اہلسنت خدمت فانڈیشن کے رضاکار اور عوام اہلسنت کو ہدایت کی ہے کہ کسی کا انتظار نہ کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں میں تیزی لا کر متاثرین کی مدد کریں۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ نیو کراچی کے علاقے میں بھی فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔آگ لگنے کی وجہ سے پوری فیکٹری جل کر تباہ ہو گئی اور ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

متعدد افراد بھی اس میں زخمی ہوئے جس میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور جلنے والی عمارت کی کوریج کرنے والے میڈیا کے نمائندے بھی ہیں۔ارباب اختیار اس طرح کی آتشزدگی کا فوری نوٹس لیں آخر کیا وجوہات ہیں جو پے در پہ آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کو ان آفات سے محفوظ رکھے اور متاثرین کو بھی ہمت و طاقت عطا فرمائے ۔