بلوچستان بھر میں ہونے والی کامیاب ہڑتال پر تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کلثوم نیاز بلوچ

منگل 9 ستمبر 2025 19:40

[ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) نیشنل پارٹی کی خواتین سیکرٹری رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے خلاف آل پارٹیز کی کال پر بلوچستان بھر میں ہونے والی کامیاب ہڑتال پر تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء، ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری اور بلوچستان کے باشعور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی ہڑتال دراصل جبر و استحصال کے خلاف ایک عوامی ریفرنڈم ثابت ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ تمام تر حکومتی دباؤ، دھمکیوں، اور طاقت کے استعمال کے باوجود عوام اور سیاسی کارکنوں نے جس ثابت قدمی، حوصلے اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ اس سے بلوچستان کی سیاسی شعور اور مزاحمتی روایت کا بھی اظہار ہوتا ہے،کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ اس ہڑتال کی کامیابی اتحاد، یکجہتی اور ایک دوسرے کے ساتھ اخلاص کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم اسی جذبے کے ساتھ ایک ساتھ کھڑے رہیں تو ہر جبر کا مقابلہ کامیابی سے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک طرف بم دھماکہ میں سیاسی کارکن شہید ہو رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف پرامن، جمہوری آواز کو دبایا جا رہا ہے انہوں نے ہڑتالی قیادت اور کارکنوں پر پولیس تشدد، گرفتاریوں اور بے بنیاد مقدمات کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں کا اصل چہرہ آمریت سے مختلف نہیں۔کلثوم نیاز بلوچ نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور ان پر قائم تمام جھوٹے اور من گھڑت مقدمات فی الفور واپس لیے جائیں۔