کمشنر پشاورکا ڈینگی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چارسدہ کا دورہ

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈینگی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چارسدہ کا دورہ کیا۔کمشنر پشاور آفس تر جمان کے مطابق دورہ کے دوران انہوں نے ڈینگی سے زیادہ متاثرہ ہونے والی یونین کونسلوں رجڑ اور ایم سی 1 میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، ممبر صوبائی اسمبلی افتخار خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرچارسدہ رینا شہید سہروردی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر چارسدہ سمیت محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے کمشنر پشاور ڈویژن کو متاثرہ یونین کونسلوں کے اعداد و شمار، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات اور عوام کی آگاہی کے لئے چلائی گئی آگاہی مہم سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے ضلع انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقدامات میں مزید تیزی لانے سمیت عوامی آگاہی پر مزید زور دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈینگی روک تھام کے لئے بنائے گئے مائیکرو پلان کا بھی جائزہ لیا اور ڈینگی روک تھام کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے ڈینگی کے لئے متاثرہ علاقوں میں لگائے گئے کیمپ کا بھی دورہ کیا اور ان میں موجود دوائیوں سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔