آئی جی اسلام آباد کا اردل روم کا انعقاد، پولیس افسران کے مسائل سنے

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس افسران کے مسائل کے حل کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مختلف ڈویژنز کے پولیس افسران نے اپنے ذاتی اور سرکاری مسائل آئی جی کے سامنے رکھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کو درپیش مسائل پر موقع پر ہی سینئر افسران کو ہدایات جاری کیں جبکہ سنگین نوعیت کے معاملات پر ازسرنو انکوائریوں کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے رہائش، طبی سہولیات اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ ان کا دفتر پولیس اہلکاروں کے لیے ہمیشہ کھلا ہے اور اردل روم کا مقصد ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے مورال بلند کرنا ہے۔