تھانہ سنگجانی پولیس کی کارروائی، راہزنی میں ملوث گروہ کے دو ارکان گرفتار

وارداتوں میں استعمال اسلحہ، نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)تھانہ سنگجانی پولیس نے راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث منظم گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ٹیم نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی نقدی، موبائل فون، موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبد الرحمن اور نقیب کے ناموں سے ہوئی ہے، جو جڑواں شہروں میں اسلحے کی نوک پر شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران انہوں نے متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈان جاری ہے جس کی بدولت سنگین نوعیت کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔