سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس، ورکشاپس ڈویژن کی کارکردگی ،استعداد کار پر بریفنگ

منگل 9 ستمبر 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں چیئرمین کمیٹی جام اللہ خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر دوست محمد جیسر، کامل علی آغا اورناصر محمود سمیت پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز منسٹر ی محمد عثمان اویسی ،سی ای او عامر علی بلوچ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ریلوے ورکشاپس ڈویژن کی کارکردگی اور استعداد کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ریلویز چین کے تعاون سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت اپنی کوچز خود تیار کر رہا ہے، جنہیں مرحلہ وار سسٹم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مختلف منصوبوں پر اشتراک جاری ہے جن میں ٹریکس کی اپ گریڈیشن، سب اربن ٹرینوں کی بحالی، ریلوے سٹیشنوں کی صفائی ستھرائی اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن شامل ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے ارکان نے زور دیا کہ ریلوے بلا تفریق تمام صوبوں میں مساوی سہولیات فراہم کرے اور سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔بعد ازاں کمیٹی ممبران نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں نصب ایسکیلیٹرز، سی آئی پی لاونج، فیملی لاونج اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔